جناح ہاؤس حملہ کیس: خدیجہ شاہ و دیگر کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

08-24-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار ملزمان کی ضمانت کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی۔

لاہور ہائیکورٹ میں جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار ملزمان کی ضمانت کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس وحید خان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواستگزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواستگزاروں کی شناخت پریڈ میں قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے، واقعہ میں کوئی سرکاری اہلکار زخمی نہیں ہوا، انسداد دہشت گردی دفعات کا اطلاق کیس میں نہیں ہوتا۔ ملزمان کی جانب سے درخواست میں مزید کہا گیا کہ ماتحت عدالت نے قانونی تقاضوں کے برعکس ضمانت کی درخواستیں خارج کیں۔ درخواستگزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت درخواست گزاروں کی ضمانت منظور کرکے رہا کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ جو ترمیمی میمو جمع کرانا چاہتے ہیں کرا دیجئے، ان کیسز کو ریگولر ڈویژن بنچ سماعت کرے گا، بتا دیجئے گا پراسیکیوٹر سوموار کو پیش ہوگئے تو ٹھیک، نہیں تو عدالت فیصلہ کریگی۔ بعدازاں عدالت عالیہ نے عالیہ حمزہ، خدیجہ شاہ سمیت دیگرکی ضمانت کی درخواستوں پرسماعت 28 اگست تک ملتوی کردی۔