آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کیلئے نامزدگیاں، پاکستانی کرکٹر بھی شامل

08-24-2023

(ویب ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا نے مینز اور ویمن لیگز کے ڈرافٹ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے ویمن بگ بیش لیگ کے ڈرافٹ کے لیے مزید اوورسیز کھلاڑیوں کی نامزدگیوں کا اعلان کیا ہے جس میں پاکستان کی فاسٹ باؤلر فاطمہ ثناء کا نام بھی میں شامل ہے تاہم فاطمہ ثناء نے ابھی ایونٹ کے لیے دستیابی کی تصدیق کرنا ہے۔ فاطمہ ثناء پاکستان کی جانب سے 31 ون ڈے اور 24 ٹی 20 میچز کھیل چکی ہیں، فاطمہ ثناء سمیت اب تک دنیا بھر سے 46 ویمن کرکٹرز کی ڈرافٹ کے لیے نامزدگیاں ہو چکی ہیں۔ بی بی ایل کی نامزدگیوں میں افغانستان کے کرکٹرز بھی شامل ہیں، افغانستان کے راشد خان سمیت 4 کرکٹرز اوورسیز ڈرافٹ میں شامل ہیں۔ گزشتہ سیزن کے دوران کرکٹ آسٹریلیا کے افغانستان کے خلاف سیریز سے دستبردار ہونے پر اختلافات پیدا ہوئے تھے جس کے پیش نظر کئی کرکٹرز نے کھیلنے سے انکار کیا تھا، تاہم راشد خان نے دوبارہ بی بی ایل نہ کھیلنے پر غور کرنے کا کہا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور خواتین پر پابندیوں کی وجہ سے افغانستان سے کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ اطلاعات ہیں کہ راشد خان ممکنہ طور بی بی ایل کے 8 میچز کے لیے دستیاب ہوں گے، ڈرافٹ کے لیے اب تک 50 اوورسیز پلیئرز کی نامزدگیاں ہو چکی ہیں۔