ممکنہ تبدیلی کی خبریں: ذکاء اشرف پی سی بی آفس نہ آئے

08-24-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف سری لنکا سے وطن واپس پہنچ گئے تاہم آج پی سی بی کے دفتر نہیں آئے۔

وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کے وزیراعظم کو خط کے بعد ان کی ممکنہ تبدیلی کی خبریں گرم ہیں۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف لنکا پریمیئر لیگ کا فائنل دیکھنے سری لنکا گئے تھے جہاں انہوں نے قومی کرکٹرز سے ملاقات بھی کی تاہم ذکاء اشرف سری لنکا سے وطن لوٹ آئے ہیں لیکن بدھ کو پی سی بی آفس نہیں آئے۔ واضح رہے کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے سیاسی بنیاد پر تعینات عہدیداروں کی برطرفی کے احکامات کے بعد وزیر اعظم ہاؤس کو لکھے گئے خط کے بعد پی سی بی میں ممکنہ تبدیلیوں کی بازگشت ہے۔ گزشتہ روز آئی پی سی منسٹری کا خط منظر عام پر آنے کے بعد ذکاء اشرف کا پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مبینہ استعفیٰ بھی سامنے آیا ہے جس پر 19 جون کی تاریخ درج ہے۔ یاد رہے کہ ذکاء اشرف کو سبکدوش ہونے والے وزیراعظم نے 20 جون کو بطور پیٹرن نمائندہ پی سی بی کے بی او جی میں نامزد کیا تھا۔