وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ
08-24-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔
منصوبے کا 80 فیصد کام مکمل کر لیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے کو اگلے ماہ تک 100 فیصد مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ نگران وزیراعلیٰ کو دورے کے دوران نجی کمپنی کے کنٹریکٹر نے پراجیکٹ کو ستمبر کے آخری عشرے میں مکمل کرنے کی گارنٹی دی اور پراجیکٹ بریف پر دستخط کئے۔ کنٹریکٹر کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ منصوبے کو وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق جلد ازجلد مکمل کریں گے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نےمنصوبے پر ہونے والی پیش رفت اور معیاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اسی رفتار سے پراجیکٹ پر دن رات کام جاری رکھا جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اراضی مالکان کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ ادا کیا جائے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شاہدرہ چوک فلائی اوور منصوبے کی تکمیل سے یومیہ 3 لاکھ گاڑیاں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی، شہر کے اہم داخلی و خارجی راستے سے ٹریفک کا بڑا مسلہ حل ہو گا۔عوام کی سہولت کیلئے اس منصوبے کی جلد تکمیل ضروری ہے۔ کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا اور چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ کنٹریکٹر نے پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریف کیا۔