چیئرمین پی ٹی آئی کا عبوری ضمانتیں خارج کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

08-24-2023

(لاہور نیوز) جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 7 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی نے عبوری ضمانتیں خارج کرنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

رجسٹرار آفس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستوں میں دستاویزات کی مصدقہ نقول نہ لگانے کا اعتراض عائد کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ آج 11 بجے چیئرمین پی ٹی آئی کی اعتراضی درخواستوں پر سماعت کرے گا، درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرسٹر سلمان صفدر ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانتوں کو چیلنج کیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، درخواست گزار کو 5 اگست کو توشہ خانہ کیس میں حقائق کے برعکس سزا ہوئی، سزا کے فوری بعد پولیس نے درخواست گزار کو گرفتار کر لیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ضمانتوں کو میرٹ کی بنیاد پر سننے کا حکم دے۔ یاد رہے کہ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتوں کو خارج کیا تھا۔