قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئی

08-23-2023

(لاہور نیوز) ورلڈ بلائنڈ گیمز کے دوران کرکٹ کے مقابلوں میں پاکستان کی مسلسل تیسری فتح، پول سٹیج میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے پاکستان نے ڈائریکٹ فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا بلائنڈ ٹیم کو تیسرے میچ میں 6 وکٹوں  سے شکست دے کر پول میچز میں لگاتار تیسری فتح حاصل کی ہے ۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا  کی بلائنڈ  ٹیم نے پاکستان کو 108 رنز کا ٹارگٹ دیا، آسٹریلیا کے ایم کیمرون نے 41 اور مک کارتھی نے 19 رنز بنائے جبکہ پاکستان کے مطیع اللہ، فخر عباس اور اسرار نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان بلائنڈ کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔پاکستان کے محسن خان نے 37 رنز بنائے جبکہ مطیع اللہ 23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے پول سٹیج میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے ڈائریکٹ فائنل میں جگہ بنا لی ہے جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن کی ٹیمیں فائنل میں رسائی کیلئے ایلیمنٹر کھیلیں گی۔