ٹریفک پولیس کا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

08-23-2023

(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس کا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ فضائی آلودگی کا سبب بننے والی گاڑیوں کا چالان بھی کیا جا رہا ہے۔

ٹریفک پولیس ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے متحرک ہے۔ سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز نے سموگ  اور ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا 2 ہزار روپے کا چالان کیا جا رہا ہے۔ ممکنہ سموگ کے پیش نظر ابھی سے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کر دی گئی۔ ڈی ایس پی ٹریفک شاہدرہ سرکل تنویر الحسن کا کہنا ہے کہ بس اونرز یونینز کے ساتھ مل کر بھی ماحولیاتی آلودگی اور سموگ بارے آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔ کریک ڈاؤن کے لئے ناکہ بندی بھی شروع کر دی۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی مرمت کرواتے رہتے ہیں تاکہ دھوئیں کا سبب نہ بنیں۔ سی ٹی او لاہور نے بس اڈوں، ٹیکسی سٹینڈز، سرکاری و نیم سرکاری دفاتر میں بھی خصوصی لیکچرز کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔