پریانکا چوپڑا کو بغیر میک اپ دیکھا تو ڈر گیا تھا: معمر رانا

08-23-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار معمر رانا کا کہنا ہے کہ بالی وڈ کی صفِ اول کی اداکارہ پریانکا چوپڑا میک اپ کے بغیر کافی مختلف نظر آتی ہیں۔

حال ہی میں معمر رانا نے  ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس میں ان سے میزبان نے سوال کیا کہ کیا کوئی پاکستانی اداکارہ ایسی ہیں جو بغیر میک اپ کے خوفناک دکھائی دیتی ہوں۔ جواب میں معمر رانا نے کہا نہیں پاکستان میں تو ایسی کوئی نہیں البتہ بھارت میں کئی ایسی اداکارائیں ہیں جو بغیر میک اپ بھیانک نظر آتی ہیں۔ اداکار نے ایک دلچسپ قصہ سناتے ہوئے کہا 'پریانکا چوپڑا کو جب میں نے بغیر میک اپ دیکھا تو میں ڈر گیا تھا، مجھے پتا ہی نہیں چلا کہ یہ ہے کون، میں اور سلمان بیٹھے باتیں کررہے تھے کہ ایک لڑکی آئی اور سلمان سے باتیں کرنے لگی'۔ بات جاری رکھتے ہوئے معمر نے کہا 'اس دوران میں خاموش رہا، جب لڑکی گئی تو میں نے سلمان سے پوچھا یہ کون تھی؟ جواب میں سلمان نے حیرانی سے کہا تم نے نہیں پہچانا؟ میں نے کہا نہیں جس پر سلمان نے بتایا کہ یہ پریانکا چوپڑا تھی'۔ معمر رانا نے کہا 'یہ سن کر میں کافی حیران ہوا، میرا جو سارا کرش تھا وہ ختم ہوگیا، میں نے کہا بھاڑ میں جاؤ سارے'۔ انہوں نے مزید کہا کہ 'جو اداکارہ اصل میں خوبصورت ہے وہ ہے امیشا پٹیل، وہ بہت دلکش اور حسین اداکارہ ہیں وہ بالکل فٹ اور دکھنے میں بہت پیاری ہیں'۔ اس کے علاوہ پاکستانی اداکاراؤں سے متعلق معمر نے کہا 'صائمہ بغیر میک اپ بہت پیاری لگتی ہیں، اس کے علاوہ ریما اور ریشم حقیقت میں بہت خوبصورت ہیں جب کہ سکرین اپیئرنس میرا کی شاندار ہے'۔