شادی کے بعد زندگی میں تبدیلی آتی ہے، اہلیہ خوش قسمت ثابت ہوئیں: حارث رؤف

08-23-2023

(ویب ڈیسک) افغانستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹانے والے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی میں شادی کے بعد مثبت تبدیلیاں ہوئیں جس پر وہ شکر گزار ہیں۔

  منگل کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کا مختصر انٹرویو کیا۔ دوران انٹرویو شاہین نے افغانستان کے خلاف پلان سے متعلق بتایا کہ 'اس جیت کا کریڈٹ ٹیم کو جاتا ہے کیونکہ سب نے اچھی کارکردگی دکھائی، ہمارے ذہن میں تھا 200 تک رنز ہوجائیں گے تو ہم کور کرلیں گے، کوشش تھی افغان بلے باز زیادہ چوکے نہ لگائیں'۔ نسیم کے ساتھ اپنی بولنگ پارٹنرشپ سے متعلق شاہین کا کہنا تھا کہ 'اگر کم ٹوٹل کا دفاع کرنا ہے تو اس کے لیے بولنگ میں پارٹنرشپ اہم ہوتی ہے، حارث کا اس میچ میں کردار اہم رہا، کوشش ہے جیسی رفتار حارث کی ہے میں اور نسیم بھی وہاں تک پہنچیں، نسیم تو پہنچ گیا ہے میں نے پہنچنا ہے'۔ شادی کے بعد پہلی بال پر وکٹ، حارث نے سوال کا کیا جواب دیا؟ حارث رؤف نے کہا 'ظاہر ہے شادی کے بعد زندگی میں کچھ تبدیلیاں آتی ہیں، الحمداللہ اہلیہ میرے لیے خوش قسمت ثابت ہوئیں، کسی بھی سیریز میں ایسی شروعات ہونا بہت ضروری اور اچھا ہوتا ہے، آگے ایشیا کپ اور ورلڈکپ ہے تو اس سے اعتماد حاصل ہوگا'۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ 'شاہین نے جس طرح نئی بال سے بولنگ کی، مجھے انہیں دیکھ کر اعتماد ملتا ہے، جیسے شاہین جلدی وکٹ لیتے ہیں میری بھی کوشش ہوتی ہے کہ اسی تسلسل کو برقرار رکھوں'۔   میری بہترین بیٹنگ کا کریڈٹ افغان بولرز کو جاتا ہے: نسیم شاہ نسیم شاہ سے جب محمد حارث نے سوال کیا کہ 'آپ نے بیٹنگ میں کافی بہتری کی ہے، آپ ٹیسٹ میچ میں بھی پارٹنر شپ لگاتے ہیں، یہاں بھی آج آپ ناٹ آؤٹ رہے اور اچھا کھیل کھیلا تو اس کا کریڈٹ کسے جاتا ہے؟ کیا آپ بیٹنگ پریکٹس کرتے ہیں؟' جواب میں نسیم نے قہقہہ لگاتے ہوئے جواب دیا 'کریڈٹ جاتا ہے افغانستان کے بولرز کو، ٹیم کو ضرورت تھی، اور ہم کوشش کرتے ہیں جب ٹیم ایسی صورتحال میں ہو تو ہم بیٹنگ کرسکیں'۔ یاد رہے کہ منگل کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم نے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دی تھی۔