ایشین گیمز : مختلف کھیلوں کے 67 آفیشلز کے نام فائنل

08-23-2023

(ویب ڈیسک)رواں سال چین میں ہونے والے19 ویں ایشین گیمز کیلئے مختلف کھیلوں کے 67 آفیشلز کے نام فائنل کرلیے گئے۔

ذرائع کے مطابق متعدد کھیلوں میں ان کی فیڈریشنز کے عہدیداران ہی ٹیم آفیشلز بن کر ہینگزو جائیں گے۔ حتمی فہرست کے مطابق قومی کھلاڑیوں کا دستہ اب 213 ایتھلیٹس کا ہوگا، پہلی فہرست سے 5 کھلاڑی ڈراپ کر دیے گئے ہیں۔ حتمی فہرست کے مطابق روئنگ کے بابر اور عادل، شوٹر فرخ ندیم ، تائیکوانڈو کے مظہر اور نقش ہمدانی قومی دستے کے ساتھ چین جانے والوں کی حتمی فہرست سے باہر ہیں۔ مختلف کھیلوں کی فہرست کے مطابق مینز کرکٹ کیلئے شاہد اسلم، عمر رشید، حنیف ملک اور حافظ نعیم رسول منیجمنٹ میں شامل ہیں جبکہ ویمنز کرکٹ کیلئے مہتشم رشید، سلیم جعفر، رفعت گل، توفیق عمر اور عائشہ اشعر کا نام شامل ہے۔ ایتھلیٹکس میں صدف صدیقی، فیاض بخاری، سجاد محمود اور محمد ساجد ٹیم آفیشلز میں شامل ہیں جبکہ برج کے 17 رکنی دستے میں 12 کھلاڑیوں کے ساتھ 5 ٹیم آفیشلز دستے کا حصہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق باکسنگ میں محمود ریاض اور ارشد حسین، جبکہ بیڈمنٹن میں سابق پلیئر زرینہ وقار ٹیم آفیشل ہوں گی۔ کراٹے ٹیم میں کوچ احمد صفی کے علاوہ کراٹے فیڈریشن کے دو عہدیداران عندلیب سندھو اور محمد جہانگیر بھی بطور ٹیم آفیشلز شامل ہیں۔ وشو فیڈریشن کے سربراہ ملک افتخار احمد اعوان بھی اپنے کھیل میں بطور آفیشل دستے کا حصہ ہیں جبکہ سوئمنگ فیڈریشن کے عہدیدار احمد علی خان بطور ٹیم آفیشل دستے کا حصہ ہیں۔ عظمیٰ پریٹو بھی سوئمنگ آفیشل ہوں گی جبکہ پاکستان روئنگ فیڈریشن کے عہدیدار رضوان الحق رضی بھی آفیشلز کی فہرست میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سکواش کے دستے کے ساتھ فہیم گل بطور کوچ سفر کریں گے ، تائیکوانڈو پلیئرز کے ساتھ ایران کے یسف کریمی اور کوریا کے سیونگو چوئی بطور کوچ سفر کریں گے، سابق قومی پلیئر ناجیہ رسول اور شمیم اختر بھی تائیکوانڈو دستے کے آفیشلز میں شامل ہیں۔ ہاکی کی فہرست میں سابقہ آفیشلز کے نام شامل کیے گئے ہیں جبکہ  نئے آفیشلز کے ایکریڈیشن فائنل نہیں ہوئے ہیں، دوسری جانب ٹینس اور ای اسپورٹس کے کھلاڑی بغیر کوچ یا منیجر کے ایونٹ میں شریک ہوں گے۔ واضح رہے کہ ایشین گیمز چین کے شہر ہینگزو میں 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک منعقد ہوں گے۔