بچوں سے مشقت کا خاتمہ، مختلف تنظیموں نے سر جوڑ لئے

08-22-2023

(لاہور نیوز) بچوں سے مشقت کے خاتمے کیلئے مختلف تنظیموں نے سر جوڑ لئے۔ شعبہ زراعت میں چائلڈ لیبر کے حوالے سے مشاورتی اجلاس ہوا۔

تنظیم سرچ فار جسٹس اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی جانب سے نجی ہوٹل میں مشاورتی اجلاس ہوا۔ ممبر نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس محمد ندیم اشرف نے اجلاس کی صدرات کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لاء اینڈ پارلیمانی افیئرز صائمہ ریاست، لیبر ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے محمد شاہد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سرچ فار جسٹس افتخار مبارک سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں چائلڈ لیبر میں اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ لیبر کے سروے کے مطابق مجموعی چائلڈ لیبر کا ساٹھ فیصد زراعت میں ہوتا ہے۔ محکمہ زراعت میں موجود چائلڈ لیبر کو روکنے کے لیے کوئی قانون بھی موجود نہیں۔ حکومتِ پنجاب کو اس ضمن میں قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں محکمہ لیبر ، محکمہ زراعت کے حکام سمیت مختلف اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی اور حکومتی نمائندگان سے قانون سازی کرنے کی اپیل کی۔