تاجروں کے گرینڈ ٹریڈرز الائنس کا الیکشن سے پہلے معیشت بہتر کرنے کا مطالبہ
08-22-2023
(لاہور نیوز) تاجروں کے گرینڈ ٹریڈرز الائنس نے جلاؤ گھیراؤ کی سیاست مسترد کرتے ہوئے الیکشن سے پہلے معیشت بہتر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر گرینڈ ٹریڈرز الائنس عنصر ظہور بٹ نے کہا تاجر برادری کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں۔ سیاسی جماعتوں کے سیاسی مقاصد ہوتے ہیں لیکن اس سے معاشی نقصان ہوتا ہے۔ پی ٹی آئی کی جلاؤ گھیراؤ کی سیاست نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے۔ عنصر ظہور بٹ نے کہا پاکستان معاشی لحاظ سے حالت جنگ میں ہے۔ اس وقت الیکشن کی کوئی ضرورت نہیں، معیشت زیادہ اہم ہے۔ گرینڈ ٹریڈرز الائنس کے جنرل سیکرٹری ہمایوں اقبال میر نے کہا ہم نے دل و جان سے پی ٹی آئی حکومت منتخب کی لیکن انہوں نے کچھ نہ دیا۔ نو مئی کا واقعہ افسوسناک ہے۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ بجلی ، گیس اور پٹرول کی مہنگائی سے عام آدمی مشکل میں ہے، اس کو ریلیف دینا سب سے اہم ہے۔