چیف الیکشن کمشنر کے زیر صدارت اجلاس، رزلٹ مرتب کرنے کے سسٹم پر بریفنگ دی گئی
08-22-2023
(ویب ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کو رزلٹ مرتب کرنے کے سسٹم پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی، شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ سسٹم کے تحت پریزائیڈنگ اور ریٹرننگ افسروں کے پاس موبائل فونز ہوں گے، موبائل ایپ کے ذریعے فوری رزلٹ کی ترسیل ممکن ہو گی۔ شرکا کو بتایا گیا کہ ریٹرننگ آفیسر درست اعداد و شمار کے ساتھ غیر حتمی رزلٹ مرتب کر سکے گا، الیکشن کمیشن نے اس سسٹم پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں حلقہ بندی کے کام کا بھی جائزہ لیا گیا، الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں اور محکمہ شماریات کو ضروری مراسلہ جات بھی روانہ کئے، متعلقہ اداروں کو حلقہ بندیوں کا عمل شروع کرنے کے لیے ضروری نقشہ جات ودیگر ڈیٹا مہیا کرنے کی ہدایت کی۔