پیپلز پارٹی کے وفد کی کیتھڈرل چرچ آمد، بشپ آف لاہور ندیم کامران سے ملاقات کی

08-22-2023

(لاہور نیوز) پیپلز پارٹی کے وفد کی کیتھڈرل چرچ آمد ہوئی۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے بشپ آف لاہور ندیم کامران سے ملاقات کی۔

صدر پیپلز پارٹی لاہور اسلم گل نے وفد کی قیادت کی۔ ملاقات میں سانحہ جڑانوالہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ وفد نے مسیحی برادری سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ وفد میں آصف ناگرا، صدارت شیروانی، عارف خان، نصیر احمد، عمر شریف بخاری، عمر ایاز، پروین شیخ، شکیل پاشا ایڈووکیٹ، ڈاکٹر سلیم، ندیم گل، سہیل آصف اور دیگر شامل تھے۔ اسلم گل نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسا قانون بنایا جائے کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔ ہم سب پاکستانی ہیں، ملکی ترقی میں سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہے۔ بشپ آف لاہور ندیم کامران نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے شکر گزار ہیں جو ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔ سویڈن میں جب قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی تو ہم نے بھی اس کے خلاف آواز اٹھائی۔ ہمیں بھی برابری کے حقوق دئیے جائیں۔ پیپلز پارٹی کے وفد اور بشپ آف لاہور نے ملکی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔