شہر کے معروف علاقے شام نگر کی روڈ کئی مہینوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار

08-22-2023

(لاہور نیوز) شہر کے معروف علاقے شام نگر کی روڈ کا برا حال ہے۔ سیوریج کے پائپ ڈالنے کیلئے کھدائی کی گئی اور پھر سڑک تعمیر نہیں کی گئی۔

اداروں کی نااہلی شہریوں کے لئے درد سر بن گئی۔ شام نگر روڈ کئی مہینوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ ترقیاتی کاموں کے نام پر منصوبہ شروع تو کیا لیکن مکمل کرنا بھول گئے۔ سیوریج کے پائپ ڈالنے کیلئے کھدائی کی گئی اور پھر سڑک تعمیر نہیں کی۔ جگہ جگہ گڑھوں کے ساتھ گردو غبار ، شام نگر روڈ سے گزرنا بھی محال ہو گیا۔ بارش کے بعد تو صورتحال اور بھی ابتر ہو جاتی ہے۔ علاقہ مکینوں کو سکھ کے بجائے اذیت کا سامنا ہے۔ صرف رہائشی ہی نہیں علاقے کے دکاندار بھی پریشان ہیں۔ شہری کہتے ہیں کہ شکایات کر کے تھک گئے ہیں کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ سڑک جلد از جلد تعمیر نہ کی گئی تو احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔