دلکش لاہور مہم کو دھچکا، شہر کی سڑکوں پر جابجا کھڈے، پیچ ورک کا کم بھی ادھورا

08-22-2023

(لاہور نیوز) حالیہ موسلادھار بارشوں نے شہر کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا،لاہور کی بیشترسڑکوں پر کھڈے پڑ گئے، دلکش لاہور مہم کو بڑا دھچکا لگ گیا۔

چھ ماہ گزر گئے مگر شہر کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی مرمت اور بحالی پر توجہ نہ دی گئی، سڑکوں پر پیچ ورک کا مشن بھی بری طرح ناکام ہو کر رہ گیا، گلیوں، چوراہوں اور اہم شاہراہوں پر پڑے کھڈے شہریوں کیلئے عذاب بن چکے ہیں، انتظامیہ کے شٹل دورے فوٹو شوٹ  تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا اسفالٹ پلانٹ 25 روز سے بند پڑا ہے، فنڈز کی قلت کے باعث سینڈ، بیچومن ،کرش بجری  اور دیگر مٹیریل بھی نہیں خریدا جا سکا، شہر کی 274 یونین کونسلز سمیت 36 اہم شاہراہوں پر 4 ہزار سے زائد کھڈے موجود ہیں، شہریوں کی جانب سے  ایک ہزار سے زائد شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ جی ٹی روڈ ،امامیہ کالونی پھاٹک، بادامی باغ روڈ ،مال روڈ پر کھڈے موجود ہیں، ایبٹ روڈ ،ایجرٹن روڈ،بینک روڈ، چرچ روڈ، ڈیوس روڈ کی بھی ابتر صورتحال ہے، برکت مارکیٹ، انارکلی، نیلا گنبد، کوئنز روڈ، لارنس روڈ، شالیمار لنک روڈ بھی کھڈوں سے متاثر ہو چکی ہیں۔ سرکلر روڈ، علامہ اقبال روڈ، شاہ عالم  روڈ پر پیچ ورک کا کام ادھورا ہے، علاقہ اقبال ٹاؤن، سمن آباد، مزنگ، کینال روڈ، لوئر مال کی حالت بھی کچھ مختلف نہیں، کوٹ لکھپت، جیل روڈ،ظہور الہیٰ روڈ، راوی روڈ اور  اندرون شہر میں بھی سڑکوں پر جا بجا گڑھے پڑے ہیں ۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے میاں ثاقب کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد سڑکوں کی بحالی کا کام جلد شروع ہو گا، کھڈوں پر پیچ ورک کی ڈیمانڈ ایڈمنسٹریٹر لاہور کو بھجوا دی ہے۔