وزیراعلیٰ محسن نقوی کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ،آبادیوں کا مشاہدہ کیا

08-22-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دریائے ستلج کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور زیر آب آبادیوں کا فضائی معائنہ اور متاثرہ بستیوں کا مشاہدہ کیا۔

چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے، محسن نقوی نے قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، عارفوالہ اور دیگر علاقوں میں متاثرہ دیہات کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرہ بستیوں میں آبادی کے انخلاء کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے، حفاظتی بند کو مضبوط بنانے کے لئے ضروری وسائل بروئے کارلائے جائیں۔ محسن نقوی نے نقشے کی مدد سے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس کو متاثرہ دیہات میں امدادی سرگرمیوں کے بارے میں ضروری ہدایات دیں۔