کانسٹیبل شاہد کا علاج بہترین ماہرین نفسیات کی زیر نگرانی جاری ہے، آئی جی پنجاب

08-21-2023

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ کانسٹیبل شاہد کا علاج بہترین ماہرین نفسیات کی زیر نگرانی جاری ہے۔

آئی جی پنجاب نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل شاہد ، اس کی والدہ اور معالجین سے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل شاہد عباس کو گلے لگایا اور جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ماہر نفسیات ڈاکٹر اسد سے کانسٹیبل شاہد کے علاج بارے تفصیلی گفتگو بھی کی۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کسی کی بیماری کا مذاق اور میمز بنانا اس مریض اور اہل خانہ سے زیادتی کے مترادف ہے۔ کانسٹیبل شاہد کو لاک اپ میں رکھنے کا دعویٰ غلط اور حقائق کے برعکس ہے۔ ڈی ایم ایس ڈاکٹر اسد نے بتایا کہ حالت تسلی بخش ہونے پر جلد ہی کانسٹیبل شاہد کو روم سے وارڈ میں شفٹ کر دیا جائے گا۔ مزید بہتری پر اسے ادویات دے کر ڈسچارج کر دیں گے۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے ایسے مسائل کا شکار افراد کی مدد کیلئے پولیس تحفظ سینٹرز بنائے ہیں ۔ پنجاب پولیس ایسے افراد کے علاج میں طبی ماہرین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔