چیئرمین پی ٹی آئی کی مزید ممکنہ گرفتاریوں کیخلاف درخواست اعتراض کیساتھ واپس

08-21-2023

(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی کی دوسرے مقدمات میں ممکنہ گرفتاریوں کیخلاف درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی۔

رجسٹرار آفس کا کہنا ہے درخواست گزار چیئرمین پی ٹی آئی نے براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع کیا، حالانکہ ان کے پاس ٹرائل کورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا متعلقہ فورم موجود تھا،  سپریم کورٹ میں اس نوعیت کی براہ راست درخواست ناقابل سماعت ہے۔ خیال رہے کہ وکیل سلمان صفدر نے چیئرمین تحریک انصاف کی طرف سے آئینی درخواست میں ٹرائل کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاریوں کی درخواست خارج ہونے کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں مقامی عدالت سے 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ انہیں 5 سال کیلئے سیاست سے نااہل قرار دیا گیا۔