پنجاب میں سپیشل انرولمنٹ مہم 'پڑھو اور جگمگاؤ' کا آغاز
08-21-2023
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر نے سپیشل انرولمنٹ مہم 2023ء "پڑھو اور جگمگاؤ" کا افتتاح کر دیا۔
الحمرا ہال میں سپیشل انرولمنٹ مہم "پڑھو اور جگمگاؤ" مہم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، نگران صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر نے مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا، وزیرتعلیم پنجاب نے مسیحی بچی اشنا آشکار اور مسلم بچے ارحم ندیم کو سکول میں داخلہ دلوایا۔ تقریب میں ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی، بچوں میں کتابیں ، کاپیاں اور تحائف بھی تقسیم کئے گئے، مختلف سکولوں کے بچوں نے کلام اقبال بھی پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر منصور قادر کا کہنا تھا کہ ملک میں شرح خواندگی کسی صورت قابل اطمینان نہیں، ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں شامل ہونے کےلئے شرح خواندگی بڑھانا ہوگی، نگران حکومت اربوں روپے بچوں کی تعلیم پر خرچ کررہی ہے، اساتذہ اور والدین بچوں کا سکولوں میں داخلہ کروائیں۔ سیکرٹری تعلیم احسن وحید کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سکولز کی نسبت سرکاری سکولوں میں سہولیات اور معیارِ تعلیم کا فقدان ہے، جسے دور کرنے کے لئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے تاہم 31 اکتوبر تک زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں لانے کیلئے ٹاسک سونپے گئے ہیں۔