ہاکی پلیئر کیلئے تربیتی کیمپ کا اعلان ،کتنے کھلاڑی تربیت حاصل کریں گے؟جانئے

08-21-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین گیمز کی تیاری کے لئے قومی ہاکی تربیتی کیمپ کے کھلاڑیوں کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کےمطابق 36  کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ہاکی تربیتی کیمپ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیرانتظام نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں 21 اگست سے شروع ہوگا۔ ایشین گیمز چین کے شہر ہانگجو میں 25 ستمبر تا 8 اکتوبر منعقد ہوں گے۔ اولمپیئن کلیم اللہ کی سربراہی میں پانچ رکنی قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو ملحوظ خاطر  رکھتے ہوئے ان 36 کھلاڑیوں کو کیمپ میں شامل کرنے کی سفارشات مرتب کیں۔ صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی حتمی منظوری کے بعد ان کھلاڑیوں کو ایشین گیمز کی تیاری کے لئے لگائے گئے کیمپ کا حصہ بنایا گیا ہے جو کیمپ کمانڈنٹ و ہیڈ کوچ شہناز شیخ کو 21 اگست شام 4 بجے تک رپورٹ کرینگے۔