طلباء کی موجیں ختم، پنجاب بھر میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز

08-21-2023

(لاہور نیوز) لاہور سمیت صوبہ بھر میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں سکول و کالجز کی چھٹیاں ختم ہو گئیں، موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تدریسی عمل آج سے شروع ہو رہا ہے، طویل چھٹیوں کے بعد تعلیمی اداروں کی رونقیں دوبارہ بحال ہو گئیں، بچوں کے چہرے دوستوں کو دیکھ کر کھل اٹھے ہیں۔ کئی روز بعد سکول آنے والے بچے جہاں خوش دکھائی دے رہے ہیں وہیں موج مستی کے دن ختم ہونے پر مایوس بھی نظر آرہے ہیں، تعلیمی اداروں میں پہلے روز طلباء کی تعداد بھی معمول سے کم دکھائی دے رہی ہے۔ خیال رہے لاہور سمیت  پنجاب بھر کے تعلیمی  ادارے 6 جون سے 20 اگست تک موسم گرما  کی تعطیلات کے باعث بند تھے۔