پنڈی بھٹیاں بس حادثہ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کا نوٹس، واقعہ کی تحقیقات کا حکم

08-20-2023

(لاہور نیوز) نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم مراد نے پنڈی بھٹیاں کے قریب ایم فور موٹروے پر ہونے والے بس حادثے کا نوٹس لے کر واقعہ کی شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔

اپنے ایک بیان میں نگران صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے کہا کہ بس حادثے کے ذمہ داران کو مکمل تحقیقات کے بعد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا، حادثے میں 18 قیمتی جانوں کے نقصان پر بہت افسوس ہوا، اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، زخمی ہونے والے 12 افراد کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں بس کمپنی مالکان کی جانب سے گاڑیوں کی فٹنس کا بلکل خیال نہیں رکھا جاتا ،ایسا لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے جس کے تحت کسی بھی ان فِٹ بس یا ویگن کو پنجاب و دیگر صوبوں کی حدود میں داخل ہوتے وقت روکا جائے۔ ابراہیم مراد نے مزید کہا کہ المیہ یہ ہے کہ پاکستان میں روزمرہ کی بنیاد پر گاڑیوں کی فٹنس چیک کرنے والے مکینک حضرات بھی زیادہ تر قابل نہیں ہوتے، لمبے رُوٹ پر سفر کرنے والی تمام گاڑیوں کی فٹنس 100 فیصد ہونی چاہیے۔ یاد رہے صبح 4 بجے کے قریب نجی کمپنی کی بس 33 سواریوں کے ہمراہ کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی کہ شارٹ سرکٹ کے باعث بس میں آگ لگ گئی، آگ لگنے کے باعث بس ویگن سے جا ٹکرائی جس میں ڈیزل و پیٹرول لے جایا جا رہا تھا، حادثے میں 18 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔