پنجاب حکومت متاثرہ مسیحی خاندانوں کے ساتھ ہے اور رہے گی: محسن نقوی

08-20-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت جڑانوالہ واقعہ کے مسیحی متاثرین کے ساتھ ہے اور ہے گی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ دانش سکول جڑانوالہ میں متاثرہ مسیحی خاندانوں کے لیے قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ نے متاثرہ مسیحی خاندانوں سے ملاقات کی، دلاسہ دیا اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، محسن نقوی نے مسیحی خاندانوں سے گفتگو کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ متاثرین کے نقصانات کا جلد ازالہ کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے متاثرہ خاندانوں کی جلد رجسٹریشن کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ چرچوں کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے، چرچوں کو جلد اصل حالت میں بحال کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نذر آتش گھروں کے مالکان کی 20 لاکھ روپے فی گھر مالی امداد کی جائے گی، پنجاب حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور ساتھ کھڑی رہے گی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے متاثرہ خاندانوں کے بچوں کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا، وزیر اعلی نے مسیحی خاندانوں میں ضروری اشیاء تقسیم کیں۔