وزیراعلیٰ پنجاب کا جڑانوالہ واقعہ کے متاثرین کیلئے 20،20 لاکھ امداد کا اعلان

08-20-2023

(ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جڑانوالہ واقعہ کے متاثرین کے لیے 20،20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کے لیے جڑانوالہ کے علاقے عیسی نگر پہنچے، محسن نقوی نے عیسی نگری میں متاثرہ چرچوں اور گھروں کا جائزہ لیا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے دورے کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ نگران صوبائی وزرا بھی محسن نقوی کے ہمراہ تھے، نگران وزیراعلیٰ نے اے ای سی چرچ کا دورہ کیا اور دعائیہ تقریب میں شرکت کی، تقریب میں پاکستان کی سالمیت، استحکام، ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر پاکستانی کا ہے، مسلم، مسیحی، سکھ، ہندو سب ایک ہیں، ہم ہر مظلوم کے ساتھ ہیں، ظالم کو کیفر کردارتک پہنچائیں گے، اے ای سی چرچ کا گراؤنڈ فلور کی تعمیر و مرمت مکمل ہو چکی ہے، چرچ کو تزئین و آرائش کے بعد عبادت کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسیحی برادری کی عبادت گاہوں کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے، جڑانوالہ واقعہ کے متاثرین کو 20 لاکھ روپے فی گھرانہ امداد کے طور پر دیں گے، ہمارا وعدہ ہے جڑانوالہ واقعہ کے متاثرین کو انصاف ضرور ملے گا، ہماری پوری ٹیم دن رات کام کررہی ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے چرچ کے باقی ماندہ کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، صوبائی وز راء، سینیٹر کامران مائیکل، خلیل ظاہر سندھو، بشپ آزاد مارشل، چرچ کے پادری و دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔