الیکشن کا معاملہ آئینی سے زیاده اقتصادی اور سیاسی بن گیا ہے، شیخ رشید

08-20-2023

(ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن کا معاملہ آئینی سے زیاده اقتصادی اور سیاسی بن گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ایک مہینے میں ہی 37 روپے پٹرول کی قیمت بڑھ جائے، چینی اور آٹے کی فی کلو قیمت ایک ہو جائے اور بجلی کا بنیادی یونٹ 55 روپے فی یونٹ پر چلا جائے تو کوئی حکومت گردشی قرضہ کنٹرول نہیں کرسکتی۔   انہوں نے کہا کہ اقتصادی اور معاشی حالات سنگین اور گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں، مسئلہ عوام کو تکلیف دینا نہیں ریلیف دینا ہے، غریب کا چولہا نہیں چل رہا اور عوام کی مشکلات کم ہوتی نظر نہیں آ رہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 16 مہینے میں شہباز شریف بطور وزیراعظم نواز شریف کو نہیں لاسکے اب خود بھی ان کے پاس لندن چلے گئے ہیں، دبئی اور لندن میں ہونے والی ساری سیاسی بیٹھکیں بے نتیجہ ثابت ہوئی ہیں اور سارے ٹھنڈے ٹھار ہو گئے ہیں۔ جڑانوالہ واقعہ سے متعلق سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اس واقعہ نے ساری دنیا کے میڈیا میں پاکستان کو رسوا کر دیا ہے۔