ورلڈکپ کی رونقیں شروع، 2 میسکوٹ متعارف ، ٹرافی کی کویت یاترا

08-20-2023

(ویب ڈیسک) ورلڈ کپ کی رونقیں شروع ہوگئیں جبکہ آئی سی سی نے 2 میسکوٹ متعارف کروا دیئے۔

آئی سی سی نے ورلڈکپ 2023 کیلئے 2 میسکوٹ متعارف کروا دیئے،یہ مرد و خواتین کی نمائندگی کرتے ہیں، تقریب رونمائی بھارت کے شہر گروگرام میں ہوئی جس میں انڈر 19 ورلڈ چیمپئنز کپتانوں یش دھل اور شفالی ورما نے شرکت کی، شائقین کو موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ 27 اگست تک میسکوٹ کو نام دے سکتے ہیں۔ آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی نے کہا کہ میسکوٹ کرکٹ میں انرجی،جوش، جذبے اور شائقین کے اس کھیل سے بے پناہ لگاؤ کی ترجمانی کرتے ہیں،مردوں اور خواتین کی نمائندگی سے صنفی برابری کو فروغ دینے کی کوشش ہوئی ہے۔ دوسری جانب آئی سی سی ورلڈکپ ٹرافی نے کویت میں جلوہ دکھا دیا،اس موقع پر آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور کویت کرکٹ کلب کے صدر حیدر فرمان بھی موجود تھے،تقریب میں مخصوص مہمانوں کو شرکت اور تصاویر بنوانے کی اجازت دی گئی تھی، ٹرافی کو کویت ٹاورز، پارلیمنٹ،الحمرا ٹاور اور ملک کی بلند ترین عمارت دی مال کا ٹور کروایا گیا۔ بحرین میں سجائی جانے والی تقریب کے بعد ٹرافی کو ورلڈ ٹریڈ سنٹر، شاہ فہد کازوے سمیت مختلف مقامات کا دورہ کروایا گیا،بحرین انٹرنیشنل سرکٹ پر عام شائقین کو ٹرافی دیکھنے کا موقع فراہم کیا،کرکٹ سے لگائو رکھنے والوں کی بڑی تعداد خاصی پْرجوش نظر آئی، شیخ خلیفہ بن حماد الخلیفہ اور آئی سی سی حکام بھی تقریبات کا حصہ بنے۔ یاد رہے کہ ورلڈکپ رواں برس 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہوگا۔