سابق وزیراعظم شہباز شریف لاہور سے لندن روانہ ہوگئے
08-20-2023
(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف لاہور سے لندن روانہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف قطر ایئر لائن کیو آر 629 سے لندن روانہ ہوئے، سلیمان شہباز بھی سابق وزیر اعظم کے ہمراہ لندن روانہ ہوئے، شہباز شریف قطر ایئرلائن کے ذریعے براستہ دوحہ لندن پہنچیں گے۔ قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم شہبازشریف آج لاہور سے لندن روانہ ہوں گے۔ انہوں نے لکھا کہ لندن میں شہبازشریف پارٹی قائد میاں نوازشریف سے ملاقات بھی کریں گے۔ ملاقات کے دوران پارٹی قائد کی وطن واپسی اور مختلف پارٹی امور پر مشاورت کی جائے گی، ن لیگ کی لیگل ٹیم کی شرکت کا بھی امکان ہے، نواز شریف کی ممکنہ واپسی سے متعلق قانونی پہلوؤں پر بات کی جائے گی۔ واضح رہے کہ شہباز شریف کے اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد انوار الحق کاکڑ ان کی جگہ نگران وزیراعظم کا منصب سنبھال چکے ہیں۔