مینڈیٹ کے مطابق کام کررہے،انتخابات کا عمل جلد شروع ہوگا: سربراہ پی ایف ایف

08-20-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا ہے کہ فیفا کے دیے گئے مینڈیٹ کے مطابق کام کررہے ہیں، پی ایف ایف کے دستور سمیت کئی اہم امور پر کام ہوچکا ہے اور کوشش ہے کہ پی ایف ایف کے شفاف انتخابات کرا کے ذمہ داریاں منتخب ہونے والوں کے حوالے کردیں۔

اس بات کا اظہار انہوں نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں فیفا ویمنز فٹ بال کنونشن 2023ء کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیفا سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ویمنز ورلڈ کپ میں فیفا کی دعوت پر  یہاں آیا ہوں۔ فیفا چاہتی ہےکہ پاکستان میں فٹ بال کی سرگرمیاں بحال ہوں، گزشتہ کئی سالوں کی پی ایف ایف میں بدنظمیاں تھیں جنہیں درست کرنے میں وقت لگ رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ایک بار ایک سسٹم بنا دیا جائے جس سے مستقبل میں آنے والے تمام عہدیداروں کو فائدہ ہوگا۔ ہمارا کام صرف اور صرف پی ایف ایف کا نظام درست کرنا اور انتخابات کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کے مطابق مرد اور خواتین فٹ بال کوبھی پروموٹ کر رہے ہیں اور ان کو عالمی ایونٹس میں مواقع فراہم کررہے ہیں۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن اس وقت کھلاڑیوں کے عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کے حوالے سے بھی سرگرم ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مینز اور ویمنز ٹیمیں انٹرنیشنل میچز کھیل رہی ہیں، ڈومیسٹک سطح پر بھی سرگرمیاں بڑھا رہے ہیں، چیلنج کپ دوبارہ شروع ہوچکا ہے۔ ہارون ملک نے کہا کہ اگر کوئی ناراض ہے تو فٹ بال فیڈریشن ان تمام لوگوں کو آفر کرتی ہے کہ پاکستان اور پاکستان فٹ بال کیلئے ہمارے ساتھ ملک کر کام کریں۔ ہماری کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے جس کی بڑی مثال یہ ہے کہ ہماری ویمنز ٹیم کی کپتان نے انٹرنیشنل لیگ کا کنٹریکٹ کیا ہے، امید ہےکہ مستقبل میں اور بھی کئی کھلاڑی عالمی سطح پر دیگر کلبوں سے معاہدہ کریں گی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چیلنج کپ، پریمیئر لیگ، ڈویژن لیگ کا کئی سالوں سے باقاعدہ انعقاد نہیں ہو رہا تھا، ان سب کو شروع کریں گےاور ملکی ٹیلنٹ کو  آگے  لائیں گے۔