گوجرانوالہ : سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام جوڈو کراٹے چیمپئن شپ کا انعقاد
08-20-2023
(ویب ڈیسک) نوجوان نسل میں مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیاں بڑھانے کیلئے گوجرانوالہ میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام جوڈو کراٹے چیمپئن شپ ہوئی جس میں ریجن بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام نوجوان کھلاڑیوں کے درمیان کراٹے اور جوڈو کے مقابلے ہوئے، مقابلوں میں 8 سال سے لے کر 22 سال تک کی عمر کے 50 سے زائد لڑکے، لڑکیوں نے شرکت کی، کھلاڑیوں کے درمیان مختلف اوزان کے حساب سے مقابلے ہوئے۔ مقابلوں کو دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی، مقابلوں میں کھلاڑیوں نے اپنے مخالف کو چت کرنے کیلئے پنچ اور کک مار کر تماشائیوں سے خوب داد وصول کی، اس دوران کھلاڑیوں کے کوچز اور ساتھی میچ جیتنے کیلئے اپنے اپنے کھلاڑیوں کی ہمت بندھاتے رہے۔ جوڈو کراٹے کا قدیم کھیل پاکستان میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت اور شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں اس کھیل میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔