صارفین پر ایک بار پھر بجلی بم گرانے کا منصوبہ،یونٹ مزید کتنے روپے مہنگا ہوسکتا ہے؟جانئے
08-19-2023
(ویب ڈیسک) حکومت نے اگلے چار ماہ میں صارفین سے اضافی 122 ارب روپے وصول کرنے کیلیے بجلی کی قیمتوں میں 4.37 روپے فی یونٹ مزید اضافے کا منصوبہ بنایا ہے۔
سرکاری دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مذکورہ اضافے کے علاوہ سرکلر ڈیٹ میں بھی 392 ارب روپے کا اضافہ ہوگا جو بجٹ سبسڈی کے ذریعے کم کیا جائے گا، 4.37 روپے فی یونٹ اضافے کا مقصد گردشی قرضے کو اس کی موجودہ 2.31 ٹریلین روپے کی سطح پر رکھنا ہے کیونکہ پاور ڈویژن کو بجلی چوری اور دیگر نقصانات روکنے میں کوئی بہتری نظر نہیں آرہی ہے جس کے باعث گزشتہ مالی سال 236 ارب روپے کا اضافی نقصان ہوا تھا۔ نظرثانی شدہ سرکلر ڈیبٹ مینجمنٹ پلان کے مطابق جسے پاور ڈویژن نے آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کیا ہے، بجلی قیمت میں مذکورہ اضافہ گزشتہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے کیا گیا ہے جو ستمبر سے دسمبر 2023 تک صارفین سے وصول کیا جائے گا۔ منصوبے میں انکشاف کیا گیا کہ ملک کے گردشی قرضے میں 1.37 ٹریلین روپے کا اضافہ ’معمول کی کارروائی‘ کا حصہ ہے،یہ ایک ایسا سوراخ ہے جسے حکومت اب بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے (721 ارب روپے) اور تقریباً 600 ارب روپے کی مالی معاونت سے بند کرنا چاہتی ہے۔ حکام نے پہلے ہی سہ ماہی اور سالانہ بنیاد پر بجلی ٹیرف میں اوسطاً 7 روپے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے، جس سے صارفین سے 600 ارب روپے کی وصولی میں مدد ملے گی، تاہم نئے منصوبے میں جان دکھائی دیتی ہے، کیونکہ یہ روپے اور ڈالر کی شرح تبادلہ 286 روپے فی ڈالر اورکراچی انٹر بینک آفر 19.4فیصد کے مفروضے پر بنایا گیا ہے۔