دفعہ 144 لگا کرسیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو نکالیں گے: محسن نقوی
08-19-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں، دفعہ 144 لگا کرسیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو نکالیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے بہترین حکمت عملی اپنائی گئی، جن علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے وہاں سے لوگوں کو منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قصور کے سیلاب زدگان کی مدد کر رہے ہیں، قصور میں 35 سال بعد سیلاب کا پانی آیا ہوا ہے، سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ جگہوں پرمنتقل کیا جا رہا ہے، کئی مقامات پر 10 سے 12 فٹ پانی آیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ کمشنر لاہور اور ڈی جی ریسکیو ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں میں موجود ہیں جو ہمارے لوگوں کی حفاظت اور مدد کے لیے وقف ہیں، انشاء اللہ ہم مل کر اس سے گزریں گے۔اس سے قبل نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے سیلاب سے متاثرہ علاقے بھکی ونڈ و تلوار پوسٹ کا دورہ کیا، ملک احمد خان و آر پی او شیخوپورہ رینج بھی وزیر اعلیٰ کے ساتھ تھے، ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی ، ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سیلاب پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو سیلاب متاثرین سے نہیں ملنے دیا گیا جبکہ انتظامیہ نے ریسکیو اہلکاروں کی مدد سے چند افراد سے ملاقات کرائی۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے قصور کے سیلابی علاقے کا دورہ بھی کیا اور ریسکیو و ریلیف ورک کی بریفنگ لی، سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو آپریشن بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ اس وقت دریائے ستلج قصور میں 69 ریسکیو بوٹ و آپریٹر 240 ریسکیور کیساتھ متعین ہیں، سیلابی علاقہ میں اہم مقامات پر ریسکیو بوٹ کیساتھ خصوصی پوسٹیں بنائی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پتن پوسٹ، گنڈا سنگھ، تلوار پوسٹ، بھکی ونڈ، باقر کے، بھیڈیاں عثمان والا، رتنے والا، منڈی عثمان والا، کوٹلی فتح محمد میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، گزشتہ دن قصور کے سیلابی علاقہ سے 5578 لوگوں کا انخلاء کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے پولیس کے جوانوں کو سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر رضوان الحق پوری کو بھی بلوا کر احسن اقدامات پر شاباش دی۔