مشہور فلم ساز شوکت حسین رضوی کو مداحوں سے بچھڑے چوبیس برس بیت گئے

08-19-2023

(لاہور نیوز) مشہور فلم ساز اور ہدایت کار شوکت حسین رضوی کو مداحوں سے بچھڑے چوبیس برس بیت گئے۔ ان کو فلم میکنگ اور ایڈیٹنگ میں کمال مہارت حاصل تھی۔

شوکت حسین رضوی انیس سو چودہ میں اعظم گڑھ اترپردیش میں پیدا ہوئے۔ کلکتہ کے میڈن تھیٹر سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور فلم میکنگ اور ایڈیٹنگ میں کمال مہارت حاصل کی۔ مشہور فلم ساز سیٹھ دِل سُکھ پنچولی کے کہنے پر کلکتہ سے لاہور چلے آئے اور یہاں’’ گل بکاؤلی‘‘ اور ’’ خزانچی‘‘ جیسی فلموں کی تدوین میں‌ اپنی مہارت دکھائی۔ فلم ’’خاندان‘‘ نے کامیاب ہدایت کار کے طور پر مزید آگے بڑھنے کا موقع دیا۔ ’’خاندان‘‘میں نور جہاں نے فلم بینوں کے ساتھ ساتھ شوکت حسین رضوی کا دل بھی جیت لیا۔ شادی کے کچھ عرصہ بعد یہ فلمی جوڑا ممبئی منتقل ہو گیا۔ قیام پاکستان کے بعد شوکت حسین رضوی نے لاہور کو مستقل مسکن بنا لیا۔ فلم ’’چن وے‘‘،’’ گلنار‘‘ ، ’’جان بہار‘‘، ’’عاشق‘‘ اور’’ بہو رانی‘‘ سمیت متعدد فلموں‌ کی کامیاب ہدایات کاری کی۔ لاہور کے فلم سٹوڈیو کو شاہ نور کا نام بھی انہوں نے ہی دیا۔ شوکت حسین رضوی اور نور جہاں کی شادی زیادہ دیر نہ چل سکی۔ شوکت حسین رضوی طویل علالت کے بعد 19 اگست 1999ء کو دنیا فانی سے رخصت ہو گئے اور شاہ نور سٹوڈیو کے احاطے میں ہی آسودہ خاک ہیں۔