نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا پی آئی سی کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

08-19-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا طویل دورہ کیا۔

  محسن نقوی نے ہسپتال میں طبی سہولتوں کا جائزہ لیا، وارڈز کا معائنہ کیا اور پرائیویٹ کمروں کو بھی چیک کیا۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کی عیادت کی۔ مریضوں نے آپریشنز میں تاخیر کے حوالے سے شکایات کیں۔ بائی پاس آپریشن کا بیک لاگ ختم کرنے کیلئے مزید سرجنز کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کو بائی پاس آپریشن 7 روز اور انجیو گرافی 4 روز کے اندر کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نئی تعمیرات کے بجائے پرانی عمارت کو بہتر بنانے کیلئے میسر وسائل کو استعمال میں لایا جائے۔ ان کا کہنا تھا ہسپتالوں میں سہولتوں کی بہتری کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔ مریضوں کی سہولت کیلئے پنجاب حکومت تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔ پی آئی سی کے بورڈ کا اجلاس جلد بلا کر ضروری فیصلے کئے جائیں گے۔ بزرگ مریضہ شاہدہ پروین نے وزیراعلیٰ کو سر پر ہاتھ پھیر کر دعائیں دیں۔ اس موقع پر صوبائی وزرا عامر میر، ڈاکٹر جاوید اکرم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پی آئی سی ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔