ذکاء اشرف کولمبو پہنچ گئے ، کرکٹرز سے ملاقات متوقع

08-19-2023

(ویب ڈیسک) چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی ذکاء اشرف کولمبو پہنچ گئے، ان کی سری لنکا میں قومی کرکٹرز سے ملاقات متوقع ہے۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کولمبو روانہ ہو گئے، انہیں اس کی دعوت صدر سری لنکا کرکٹ موہن ڈی سلوا نے دی ہے، پاکستان کی میزبانی میں ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست کو ملتان میں ہو گا، 31 تاریخ کو سری لنکا میں میچز شروع ہونگے، ذکاء اشرف انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ اہم میٹنگز بھی کریں گے۔ پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کی کوشش ہے کہ تمام ٹیسٹ ممالک سے خوشگوار تعلقات استوار کریں، اس سلسلے میں وہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ سری لنکا کرکٹ نے انہیں اتوار کو لنکا پریمیئر لیگ کا فائنل دیکھنے کیلیے مدعو کیا ہے، ساتھ ایشیا کپ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی، ان دنوں پاکستان کرکٹ ٹیم بھی سری لنکا میں ہی موجود ہے جہاں افغانستان سے سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 22 اگست کو ہمبنٹوٹا میں ہوگا۔ ذکاء اشرف کی ممکنہ طور پر قومی کرکٹرز سے بھی ملاقات ہوگی، وہ سنٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیں گے۔ اطلاعات کے مطابق پلیئرز معاوضوں میں دگنا اضافہ ہونے پر مطمئن ہیں، البتہ بعض امور پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے،امید ہے جلد معاہدوں کا اعلان کر دیا جائے گا، پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کرکٹرز سے کنٹریکٹ پر مذاکرات کر رہے ہیں۔