ایک ہفتے میں 32 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ
08-19-2023
(ویب ڈیسک) ملک میں مہنگائی میں اضافے کا رجحان جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں مزید 0.78 فیصد اضافہ ہوگیا ۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.78فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح27.57فیصد ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے کے دوران 32 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران دال ماش،دال مسور، آلو ،ٹماٹر، لہسن،انڈے، چینی ،بیف،مٹن،کھلا دودھ،دہی،گڑ،سرخ مرچ پاوڈر اور پٹرولیم مصنوعات سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی 32 اشیاء مہنگی ہوئیں ا اور12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے سرخ مرچ پاوڈرکی قیمت میں 7.58 فیصد، چاول ایری سکس نائن کی قیمت میں 7.48 فیصد اضافہ، لہسن5.06 فیصد ، چینی 4.02 فیصد، گڑ 3.23 فیصد مہنگا ہوا جبکہ باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمت میں3.06 فیصد، چکن کی قیمت میں فیصد 2.83 اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر13.60 فیصد سستا ہوا، کوکنگ آئل پانچ لیٹر1.65 فیصد سستا، ویجیٹبل گھی 0.43 فیصد، آگ جلانے والی لکڑی0.42 فیصد،سرسوں کا تیل 0.23 فیصد اور آٹا0.19 فیصد سستا ہوا۔