عالمی چیمپئن حمزہ خان کلیئر، ورلڈ سکواش فیڈریشن میں مصر کا اعتراض رد

08-19-2023

(ویب ڈیسک) ورلڈ سکواش فیڈریشن نے عالمی چیمپئن حمزہ خان کی عمر کو درست قرار دیتے ہوئے مصر کا اعتراض رد کر دیا۔

حمزہ خان نے مصر کے محمد زکریا کو شکست دیکر ورلڈ سکواش چیمپئن شپ جیتی تھی۔ جس کے بعد مصر سکواش فیڈریشن نے حمزہ خان کی عمر پر اعتراض کرتے ہوئے ورلڈ اسکواش فیڈریشن سے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ ورلڈ سکواش نے معاملہ کی تحقیقات کرکے مصر کی درخواست نمٹا کر اعتراض رد کر دیا۔ ورلڈ سکواش فیڈریشن کا کہنا ہے کہ حمزہ خان کی عمر مختلف ہونے کے کوئی شواہد موجود نہیں ملے، حمزہ خان نے ہمیشہ اور ہر ایونٹ میں ایک ہی تاریخ پیدائش سے رجسٹریشن کرائی۔ ورلڈ سکواش فیڈریشن کے مطابق عمر چیک کرنے کا کوئی میڈیکل طریقہ ایسا نہیں جس میں غلطی کی گنجائش نہ ہو۔ مصر اور پاکستان کی سکواش فیڈریشنز کو فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے حمزہ خان کی عمر کے معاملے کا چیپٹر اب بند کر دیا گیا ہے۔