پرانی حلقہ بندیوں پر کرائے گئے الیکشن غیر آئینی ہوں گے: رانا ثناءاللہ

08-19-2023

(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ الیکشن فروری میں ہوں گے، اگر پرانی حلقہ بندیوں پر انتخابات کرائے گئے تو وہ غیر آئینی ہوں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا اعتراض سر آنکھوں پر ہے تاہم مردم شماری جب نوٹیفائی ہوجائے تو حلقہ بندیاں اسی حساب سے ہوتی ہیں، آئینی تقاضا ہے کہ 2018 کے بعد الیکشن نئی مردم شماری کے تحت ہوگا، حلقہ بندیاں آئینی تقاضا ہے، اس کو پورا کیے بغیر الیکشن نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہونا چاہیے تھی، کیا ہم یہ سمجھیں کہ پی پی کو آرٹیکل 51 کلاز فائیو کا معلوم نہیں تھا، مردم شماری کو اتفاق رائے سے نوٹیفائی کیا گیا، 6 سال سے مردم شماری کا معاملہ چل رہا تھا، سی سی آئی میں پیپلز پارٹی موجود تھی، میں اس بات کا حامی تھا کہ الیکشن 90 روز کے بجائے 60 روز میں ہونے چاہئیں۔