ناہیدہ خان قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی مینیجر مقرر

08-18-2023

(لاہور نیوز) سابق انٹرنیشنل کرکٹر ناہیدہ خان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی مینیجرمقررکردیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے مطابق سابق انٹرنیشنل کرکٹر ناہیدہ خان یکم ستمبر سے کراچی میں شروع ہونے والی جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلئے پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی مینیجر  ہونگی۔ 36سالہ ناہیدہ خان نے 120 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 2014 رنز بنائے تھے اور ایک وکٹ حاصل کی تھی، وہ اس سال جون میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوئی ہیں جس کے بعد انہوں نے پاکستان کپ ویمنز ٹورنامنٹ میں بلاسٹرز کی اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داری نبھائی۔ گزشتہ ہفتے مارک کولز کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد محتشم رشید جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز اور ایشین گیمز میں عبوری ہیڈ کوچ کی ذمہ داری نبھائیں گے، وہ اس سے قبل ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں جبکہ کامران حسین سلیم جعفر کی جگہ بولنگ کوچ ہونگے۔