پی سی بی ایکشن میں آگیا،بغیر اجازت امریکا میں کھیلنے والے کھلاڑیوں سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا

08-18-2023

(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بغیر اجازت نامہ حاصل کئے امریکہ میں جاری کرکٹ لیگز میں کھیلنے والے کھلاڑیوں سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے امریکا میں کھیلنے والے بعض پاکستانی کرکٹرز سے وضاحت طلب کی ہے کہ کیا اب وہ پاکستانی شہری نہیں ہیں؟ اور مستقبل میں پاکستان کے لیے انٹر نیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے؟ پاکستان سے تعلق رکھنے والے نصف درجن کرکٹرز نے این او سی کے بغیر ہیوسٹن لیگ میں تین مختلف ٹیموں کی نمائندگی کی، حیران کن طور پران کھلاڑیوں نے پی سی بی سے این او سی لینے سے گریز کیا اور کہا کہ اب وہ پاکستانی نہیں امریکی شہریت رکھتے ہیں۔ پی سی بی نے مستقبل میں ان کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کرنے اور ان پر پاکستان کرکٹ کے دروازے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کرکٹرز کو شوکاز جاری کر کے وضاحت طلب کی گئی ہے، یہ کھلاڑی مشہور کرکٹرز نہیں ہیں، البتہ پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کا بڑا نام بتایا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ بیٹر فواد عالم نے بھی ہیوسٹن لیگ میں شرکت کی تھی، فواد عالم کی ٹیم میں مزید تین پاکستانی بھی تھے، فواد عالم اور تینوں کرکٹرز نے نہ صرف پی سی بی سے این او سی لی بلکہ ان کی ٹیم نے پی سی بی کو 10 ہزار ڈالرز فیس بھی ادا کی جن کھلاڑیوں کو شو کاز جاری کیا گیا ہے ان کی ٹیموں نے پی سی بی کی فیس ادا کرنے سے گریز کیا۔