پی ٹی اے اور پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ کا آغاز

08-18-2023

(لاہور نیوز) پی ٹی اے اور پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے لاہور میں انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ کا آغاز ہو گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمن کا کہنا تھا کہ بغیر تحقیق کوئی چیز سوشل میڈیا پر نہ پھیلائیں۔ پاکستان میں اگر کوئی ایپ بلاک کرنی ہے تو ایک ٹیم اس کا فیصلہ کرتی ہے۔ ملک کے خلاف کوئی چیز آئے تو اسے سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔ فوج یا سیاست دانوں کے خلاف کسی چیز پر شکایت ملنے کے بعد ہی ایکشن لیتے ہیں۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ آئی ایکس پی سے انٹرنیٹ میں انتظار کی زحمت ختم کرکے تیز ترین ڈیٹا ٹرانسمیشن حاصل ہوتا ہے اور کم اخراجات سے نیٹ ورک کی کارکردگی بھی بڑھ جاتی ہے۔ انٹر نیٹ ایکسچینج پوائنٹ کی بدولت انٹرنیٹ ڈیٹا سپیڈ بڑھے گی اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی آسان ہو گی۔ آئی ایکس پی کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی توسیع کے امور پر ڈی جی سائبر ویجیلنس مکرم خان نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ جو ڈالر کی شکل میں باہر جاتا تھا اسے پاکستان میں موجود تین آئی ایکس پیز سے بچایا جائے گا۔ اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں مختلف کمپنیاں بھی آئی ایکس پی میں شامل ہو کر اپنا پیسہ بچائیں گی۔