دنیا کی دشوار گھڑ دوڑ ’منگول ڈربی‘ میں 4 پاکستانی سب سے آگے رہے

08-18-2023

(ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے طویل اور دشوار گھڑ دوڑ ’منگول ڈربی‘ میں 4 پاکستانیوں نے تاریخ رقم کر دی۔

گھڑ سواروں  نے 1000 کلو میٹر  کے مقابلوں میں پانچویں اور ساتویں پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر پاکستانی گھڑ سوار ڈاکٹر فہد جمیل کا کہنا تھا یہ پہلا موقع ہے کہ ریس میں 4 پاکستانیوں  نے حصہ لیا، 1000 کلو میٹر کا فاصلہ 10 دنوں میں مکمل کرنا تھا، یہ دنیا کی مشکل ترین ریس ہے جس میں اپنا راستہ خود بنانا ہوتا ہے جو ایک مشکل کام ہے۔ انہوں نے کہا اس ریس کے دوران راستے میں جنگل آتے ہیں اور دریاؤں کو بھی عبور کرنا ہوتا ہے اور یہ ہی اس ریس کا ایڈونچر ہے۔ 50 رائیڈرز نے سفر کا آغاز کیا لیکن طبی طور پر 20 رائیڈرز ریس سے نکل گئے جبکہ 26  نے ریس مکمل کی۔ گھڑ سوار عمیر قائمخانی کا کہنا تھا کہ اس ریس میں موسم بھی بہت سخت تھا، راستے بھی دشوار گزار تھے اس سے نبٹ لیا تھا لیکن سب سے زیادہ جو مشکل پیش آئی وہ گھوڑوں کی تھی۔ ان کا کہنا تھا پرچیاں ڈالی جاتی تھیں اور پرچی نکلنے پر آپ کو گھوڑا ملتا تھا، آپ کو پہلے سے پتہ نہیں ہوتا تھا کہ گھوڑا کونسا ملنا ہے۔