وزیراعظم ہاؤس کے تمام اخراجات خود اپنی جیب سے ادا کیے: شہباز شریف
08-18-2023
(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے اپنے دور حکومت میں وزیراعظم ہاؤس کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کیے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 16ماہ دن رات محنت کی کہ عوامی بھلائی کیلئے کچھ کرسکوں، فجر کی نماز پڑھ کر فارغ ہوا تو آئی ایم ایف کی ایم ڈی کی کال آگئی، کال تھی کہ پاکستان کے ساتھ معاہدہ بحال ہوگیا، یہ میرے لیےسب سے بڑی خوشی تھی۔ صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ الیکشن ہر صورت اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور مینڈیٹ ملا تو نواز شریف ہی وزیر اعظم بنیں گے، نواز شریف میرا لیڈر ہے اور میں اُن کا کارکن ہوں، مجھ پر تو سیاسی مقدمات بنے، سب کچھ برداشت کر لیا، بیٹی اور بھتیجی کو بھی عدالتوں اور جیلوں میں گھسیٹنا ناقابل برداشت تھا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیاست میں ضد سے نہیں بلکہ معاملات کو مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، بطور وزیراعظم سب سے بڑی کامیابی یہ تھی کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچالیا۔