پی ٹی آئی کا بھی مردم شماری کا معاملہ چیلنج کرنے کا فیصلہ
08-18-2023
(لاہور نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے بھی مردم شمار کے معاملہ کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے ’’دنیا نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق90 دن کےاندرالیکشن ہونے ہیں، مشترکہ مفادات کونسل نے مردم شماری کی منظوری دی ہے۔ اسدعمر نے کہا الیکشن کمیشن نے تقریباً چارماہ کا وقت دیا ہے، معاملے کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نےچیلنج کردیا ہے، کل تحریک انصاف بھی مردم شماری کے معاملے کو چیلنج کرے گی، فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔ اسد عمر نے کہا سپریم کورٹ کی اگرمہرلگ جاتی ہے تو الیکشن فروری یا مارچ میں ہوسکتے ہیں، نگران حکومت کا فوکس معیشت پر ہونا چاہیے، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ پاکستان آئین کے تحت ہی چلے گا تو بہتر ہوگا، اداروں میں تناؤ ہو گا تو معیشت کے حوالے سے اچھی خبرنہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا الیکشن میں تاخیربارے میرے خیال سے سپریم کورٹ سے واضح فیصلہ آئے گا، شمشاد اختر، ڈاکٹر وقار مسعود کے لیے چیلنجز والی صورتحال ہے مگر یہ بڑے تجربہ کار لوگ ہیں۔