بھارتی ٹیم مخالف ٹویٹ کا معاملہ،کرکٹر افتخاراحمد کی اکاونٹ بند کرنے کی اپیل

08-17-2023

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد نے ایکس (ٹوئٹر) کے چیف ایگزیکٹو ایلون مُسک سے اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست کردی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر نواز نامی ایک صارف نے افتخار احمد سے منسوب ایک بیان جاری کیا جس میں لکھا تھا کہ جب بھی ہمارا بھارت کے خلاف میچ ہوتا ہے ، تو ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم گلی کے بچوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ مڈل آرڈر کرکٹر نے ٹوئٹ کا لنک اورسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے اس بیان سے آگاہ کیا گیا ہے جو میں نے کبھی دیا ہی نہیں، درحقیقت کوئی بھی پروفیشنل کرکٹر ایسا نہیں کہے گا۔افتخار احمد نے کہا کہ برائے مہربانی اس قسم کی غلط اور جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کریں، انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ اس اکاؤنٹ کو رپورٹ کیا جائے۔ دوسری جانب بیٹر نے ایکس (ٹوئٹر) کے چیف ایگزیکٹو ایلون مُسک کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے درخواست کی کہ برائے مہربانی اس اکاؤنٹ پر پابندی لگائی جائے کیونکہ یہ اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ، بلیو ٹک کا غلط استعمال کررہے ہیں۔