سانحہ جڑانوالہ،شوبز فنکار بھی بول اٹھے ،ردعمل سامنے آگیا

08-17-2023

(ویب ڈیسک)گزشتہ روز پیش آنیوالے سانحہ جڑانوالہ پر پاکستان کے فنکار بھی خاموش نہ رہ سکے جس پر انہوں نے مذمتی بیان جاری کردیا۔

تفصیلات کےمطابق گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے اپنی ٹویٹ میں جڑانوالہ واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پہلے بولنے سے ڈرتے تھے اب نہ بولیں تو ڈر لگتا ہے۔ گلوکار کا کہنا تھا کہ اگر ریاست ویڈیو فوٹیج کے ذریعے اس واقعے میں ملوث ہر فرد کو گرفتار کر کے مثال نہ بنائے تو ہم برباد ہو جائیں گے۔ اسی طرح اداکارہ سجل علی نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کسی بھی مذہب میں شدت پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔دوسری جانب اداکارہ ماہرہ خان نے بھی واقعہ پر شدید مذمت کی ہے۔