میٹرو بس سروس کی حالت زار، بسوں میں ایئر کنڈیشن بند

08-17-2023

(لاہور نیوز) صرف ڈیڑھ سال میں ہی میٹرو بس سروس بے حال ہو گئی۔ بسوں میں ایئر کنڈیشن بھی بند پڑے ہیں۔

نگران وزیر اعلیٰ کے دورے میں بھی میٹرو بسوں کے اے سی خراب ہونے کا انکشاف ہوا۔ ویڈا میزا کمپنی نے میٹرو بس کے ایئر کنڈیشن بند کر دئیے۔ ڈیڑھ لاکھ مسافر روزانہ کی بنیاد پر ایئرکنڈیشن کی سہولت سے محروم ہیں۔ گرمی اور حبس کے موسم میں میٹرو بس سٹیشنز پر پانی کی سہولت بھی موجود نہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی پانی کی سہولت نہ ملنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ میٹرو بس پر پانی سپلائی کرنے والے پانچ ٹیوب ویل پمپ تکنیکی خرابی کا شکار ہیں۔ لاہور نیوز تفصیلات سامنے لے آیا۔ اٹاری ، یوحنا آباد، مزنگ چونگی، کچہری اور بھاٹی میٹرو سٹیشن پر ٹیوب ویل پمپ خراب ہیں۔ ٹیوب ویل پمپ کی خرابی سے پانی کی سپلائی شدید متاثر ہے۔ میٹرو بس کے مختلف سٹیشنز پر نصب واٹر کولرز بھی خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ میٹرو سٹیشن دلو خرد، نشتر، غازی روڈ ، نصیر آباد اور کینال روڈ پر واٹر کولر خراب ہیں۔ مسافروں کو صاف پانی کی سہولت بھی میسر نہیں۔ واٹر کولرز اور ٹیوب ویلز کی مرمت و بحالی کیلئے مزید تین ہفتے درکار ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ میٹرو بس سروس کی حالات خراب ہیں، ایئر کنڈیشن بند ہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو دو روز میں انتظامات بہتر بنانے کا حکم دیا ہے۔