پی آئی اے ملازموں کا مطالبات کے حق میں احتجاج

08-17-2023

(لاہور نیوز) پی آئی اے پیپلز یونٹی گروپ نے مطالبات کے حق میں پی آئی اے دفتر میں احتجاج کیا اور لاہور آفس کی تالہ بندی کر دی۔

ملازموں نے 3 سے 5 بجے تک علامتی ہڑتال جاری رکھی، ٹکٹنگ آفس بند ہونے پر کسی کو بھی ٹکٹ جاری نہ کیا گیا، مظاہرین نے حکومتی رویے کے خلاف شدید نعرے بازی اور سینہ کوبی کی۔ صدر یونٹی گروپ ساجد گجر نے کہا پی آئی اے نے ملازموں کی تنخواہوں میں 6 سال سے اضافہ نہیں کیا، انہوں نے مطالبہ کیا تنخواہوں میں مہنگائی کے مطابق اضافہ کیا جائے۔ سیکرٹری پیپلز یونٹی گروپ رانا کاشف نے کہا ڈیلی ویجز کو فی الفور مستقل کیا جائے، پی آئی اے کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ ساجد گجر نے کہا پی آئی اے  نے 24 ارب کا منافع کمایا، ہماری بار پیسے کیوں ختم ہوگئے؟ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے تو انتہائی اقدام پر مجبور ہوں گے۔