محسن نقوی سےایشیائی ترقیاتی بینک کی ڈائریکٹر کی ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق

08-17-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی ڈائریکٹر برائے واٹر اینڈ اربن ڈویلپمنٹ سیکٹر جنگمن ہوانگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں پنجاب میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، زراعت، فارم ٹومارکیٹ روڈز، واٹر ریسورس مینجمنٹ اور اربن ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پنجاب حکومت کا ترقی و خوشحالی کے سفر میں بہترین پارٹنر ہے، پنجاب میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل ہماری ترجیح ہے، زراعت، واٹر مینجمنٹ اور اربن ڈویلپمنٹ سیکٹرز میں اے ڈی بی سے مزید اشتراک کے خواہاں ہیں۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ اے ڈی بی کے تعاون سے گرین پراجیکٹ کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھانے کا پروگرام ہے، شہروں میں شہری سہولتوں کی بہتری کے پروگرام پر اے ڈی بی کے شکرگزار ہیں۔ ڈائریکٹر اے ڈی بی  جنگمن ہوانگ کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعلی محسن نقوی اوران کی ٹیم نے اے ڈی بی کے پروگرام کو آگے بڑھانے میں انتھک محنت سے کام کیا ہے، وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے اے ڈی بی کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا ہے، پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں مزید تعاون بڑھائیں گے – وفد میں اے ڈی بی کے اربن ڈویلپمنٹ کے حکام ژی جیائی لیو ، پاکستان ریذیڈنٹ مشن اربن یونٹ کے سربراہ شوکت شفیع،ِ سینئر پراجیکٹ آفیسر سید عمر علی شاہ اور بینک کے صوبائی پراجیکٹ کوآرڈینیٹر عمران سکندر بلوچ شامل تھے۔  صوبائی وزیر بلدیات واطلاعات عامیر میر،چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔