وزیراعلیٰ پنجاب کا بینظیر بھٹو ہسپتال کا دورہ، تیمارداروں سے سہولیات بارے استفسار
08-17-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بینظیر بھٹو ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال کی نئی ایمرجنسی میں علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا۔
نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی محسن نقوی کے ہمراہ تھے، وزیراعلیٰ نے مریضوں اور تیمارداروں سے ہسپتال میں مہیا کردہ سہولیات اور مفت ادویات کی دستیابی بارے پوچھا، محسن نقوی نے مریضوں سے بر وقت چیک اپ کے بارے میں استفسار کیا، مریضوں اور تیمارداروں نے چیک اپ اور ایکسرے میں تاخیر کے حوالے سے شکایات کیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈاکٹرز کو مریضوں کے فوری چیک اپ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی میں مریض کے چیک اپ میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے، مریضوں کومفت ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ محسن نقوی نے استقبالیہ کاؤنٹر پر مریضوں کی رجسٹریشن کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کا بھی حکم دیا، نگران وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی میں صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور ایمرجنسی میں طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔